سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی سیٹیں بڑھانے کیلئے پی ایم ڈی سی کو مراسلہ ارسال

Published On 21 August,2025 11:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے ایک اور احسن اقدام اٹھا لیا گیا۔

پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں کی تعداد میں اضافے کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (پی ایم ڈی سی) کو مراسلہ لکھ دیا گیا۔

مراسلے میں پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں مزید 475 سیٹوں کے اضافے کی استدعا کی گئی ہے، فی الحال پنجاب کے 17 سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی 3476 سیٹیں موجود ہیں۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان میڈیکل کالجز سے منسلک ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں بستروں کی تعداد بڑھ چکی ہے۔

اب ان ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں ٹیچنگ فیکلٹی و بستروں کی تعداد میں اضافے سمیت تمام ضروری دائرہ کار میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ اکیڈمک سیشن 26-2025 کیلئے ایم بی بی ایس کی مزید 475 سیٹوں میں اضافہ کیا جائے۔