پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 52.43 پوائنٹس کی تیزی

Published On 09 November,2020 04:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 52.43 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں معاشی حوالے سے مثبت خبروں کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کار گزشتہ ہفتے بھرپور دلچسپی لے رہے تھےتاہم پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر آنے اور لاک ڈاؤن کی خبروں کے باعث سرمایہ کاروں نے محتاط انداز اپنا لیے جس کے باعث گزشتہ ہفتے ملا جلا رحجان دیکھنے کو ملا تھا۔

رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر 200 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، ایک موقع پر انڈیکس 40943.80 پوائنٹس کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی جبکہ مندی کے باعث انڈیکس 40596.99 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ 52.43 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 40784.04 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.13 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 14 کروڑ 82 لاکھ 92 ہزار 195 شیئرز کا لین دین ہوا۔