پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں طلب کے مطابق آٹے کی فراہمی یقینی نہ بنائی جا سکی، سستے بازاروں اور سرکاری آٹے کے لیے مختص مقامات پر آٹا غائب ہو گیا، شہری پنجاب سے منگوایا گیا مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
خیبرپختونخوا میں عوام کو سستا آٹا نہ مل سکا، صوبائی دارالحکومت پشاور کے سستے بازاروں اور مختص پوائنٹس پر سرکاری آٹا ملنا مشکل ہوگیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور میں سرکاری آٹے کی فراہمی کےلیے 400 کے قریب پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں لیکن سرکاری آٹے کا کوٹہ کم ہونےکے باعث فوری ہی ختم ہو جاتا ہے، شہر کے یوٹیلٹی سٹورز پر بھی سرکاری سستا آٹا دستیاب نہیں، شہری سستے آٹے کے حصول کے لیے دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
پشاورمیں آٹے کی بڑی مارکیٹ رامپورہ اور اشرف روڈ پر بھی سستے آٹے کی فراہمی کے لیے 19 پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں لیکن سرکاری آٹا کہیں نظر نہیں آتا، آٹا ڈیلروں کا کہنا ہے کہ عوامی ضرورت کو پورا کرنے سرکاری آٹے کا کوٹہ بڑھایا جائے۔
پشاورکے اشرف روڈ پر قائم پوائنٹس پر سرکاری آٹے کے کوٹے میں بھی کمی کردی گئی ہے، ابتدا میں 63 تھیلے فراہم کئے جاتے تھے جو اب صرف 46 کردیئے گئے ہیں، فائن آٹے کی 85 کلو کی بوری 5 ہزار 900 جبکہ پنجاب کا 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 1300روپے میں فروخت ہورہا ہے۔