بجلی 1.65 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست، نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا

Published On 04 February,2021 12:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے بجلی ایک روپے پچانوے پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی حکومتی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا، اعدادو شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گا-

نیپرا نے بجلی ایک روپے پچانوے پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی حکومتی درخواست پر سماعت مکمل کرلی- نیپرا اعدادو شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گا- دوران سماعت ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ نیپرا کی سیکشن اکتیس پرعمل درآمد نہیں کیا گیا جس کے تحت پورے ملک کے لیے یونیفارم ٹیرف کی ہدایات ہیں- بتایا جائے کہ ایک روپے 95 پیسے یکساں ٹیرف میں اضافے کا قانونی جواز کیا ہے؟ اس پر پاور ڈویژن حکام نے کہا کہ یکساں ٹیرف ریونیو کی ضروریات کے مطابق ہے- کے الیکٹرک کے صارفین پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا-

یادرہے کہ نیپرا کی جانب سے حکومتی درخواست پر فیصلے کے بعد پاور ڈویژن بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا- وفاقی کابینہ بجلی ایک روپے پچانوے پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری دے چکی ہے اور حکومت نے دو ہفتے قبل باضابطہ طور پر بجلی مہنگی کرنے کا اعلان بھی کیا تھا- اس سے قبل نیپرا نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواستوں کے بعد بجلی کا اوسط ٹیرف تین روپے 30 پیسے فی یونٹ بڑھانے کا فیصلہ دیا تھا تاہم وفاقی حکومت نے بجلی ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی- بجلی ایک روپے پچانوے پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے سے عوام پر دو سو ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
 

Advertisement