ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں یوٹیلٹی اسٹورز پر گزشتہ دو ماہ سے چینی دستیاب نہیں جبکہ عام مارکیٹ میں چینی نایاب ہونے سے فی کلو قیمت ایک سو دس روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ملتان کی غلہ منڈی میں سو کلو چینی کی بوری 10 ہزار 300 روپے تک پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے عام مارکیٹ میں دکانداروں نے فی کلو قیمت کے 110 روپے بٹورنا شروع کر دئیے ہیں جبکہ بیشتر دکانوں پر چینی دستیاب ہی نہیں جس کی تلاش میں شہری مختلف دکانوں اور اسٹوروں پر نایاب چینی کے حصول کیلئے خوار ہو رہے ہیں۔
یوٹیلٹی اسٹورز کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ ڈیلرز کی ہڑتال سے چینی کی قلت کا مسئلہ درپیش ہے تاہم رمضان المبارک میں وافر چینی کے حصول کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے جس سے سٹاک کی صورتحال کافی حدتک بہتر رہے گی۔
چینی ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ضلعی انتظامیہ بھی بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کرنے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے چینی کی قیمت اور دستیابی کے حوالے سے مسائل جوں کے توں ہیں۔