راولپنڈی: (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ نے قیمتوں میں استحکام کے لیے مزید دو لاکھ میٹرک ٹن چینی منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ بحالی مراکز ہسپتال کے قیام کے لئے اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی اراضی سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کے 42 ویں اجلاس میں گندم خریداری پالیسی 21 2020ء کی منظوری دی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کاشتکاروں سے اٹھارہ سو روپے فی من کے حساب سے گندم خریدے گی ،گندم خریداری کا ہدف 35 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر پچاس لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے اگر ضرورت پڑی تو حکومت پنجاب مزید گندم بھی خریدے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار گندم خریداری کی خود نگرانی کریں گے۔ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے وزارت کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سٹینڈنگ کمیٹی فائنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کو ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر ہمدردانہ غور کی ہدایت کی گئی ہے۔