اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی کی مصنوعی قلت اور سٹہ بازی کے ذریعے قیمت میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں مشہور بروکر ملک عابد علی سمیت 10 بڑے بروکر ز کو نامزد کیا گیا ہے۔
رمضان المبارک میں چینی کے نرخ مزید بڑھانے کی سازش بھی بے نقاب ہوگئی۔ مصنوعی قلت اور سٹہ بازی کے ذریعے چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سبب بننے والا بڑا مالیاتی فراڈ سامنے آگیا۔ مافیا نے ایک سال میں 110 ارب روپے کمائے۔
ذرائع کے مطابق دھندے میں تمام بڑے شوگر گروپ سٹہ بازی کی پشت پناہی میں شامل ہیں۔ ترین، شریف، الائنس، حمزہ اور المعیز گروپ بھی پشت پناہی میں شامل ہیں۔ جعل سازی اور منی لانڈرنگ نیٹ ورک کا بھی انکشاف ہوا ہے، ناجائز کمائی چھپانے کیلئے سیکڑوں خفیہ اور جعلی اکاؤنٹس کا سہارا لیا گیا۔
ایف آئی اے نے 32 موبائل فونز، لیپ ٹاپ سے شواہد حاصل کرلئے، سرکردہ ارکان کے خلاف چھان بین ہوگی، گرفتاریاں بھی ہونگی، ایف آئی اے نے بیس ٹیمیں تشکیل دے دیں، شوگر مافیا کے خلاف منی لانڈنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔