ملتان: (دنیا نیوز) رمضان المبارک کے مہینے میں شہریوں کو سستی اشیا کی فراہمی کیلئے ملتان میں 11 رمضان بازار لگا دیئے ہیں تاہم چینی اور آٹے کے کم کوٹے کے باعث لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے 11 رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کی قیمت 375 جبکہ چینی 65 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے تاہم کوٹا کم ہونے کے باعث سستے بازاروں میں آٹے اور چینی کا صرف ایک ایک اسٹال لگایا گیا ہے جس پر شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد دو کلو چینی اور 10 کلو آٹے کا تھیلا دیا جاتا ہے جبکہ سپلائی کم ہونے کے باعث سستے آٹے اور چینی کی خریداری کیلئے مردوں اور خواتین کی روزے کیساتھ لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
سستے بازاروں میں تمام سبزیوں پر 25 فیصد سبسڈی دی گئی ہے تاہم چکن اور گھی 10 روپے فی کلو کم پر فروخت کیا جا رہا ہے لیکن اوپن مارکیٹ میں دکاندار من مانے نرخ پر سبزیاں، پھل اور گوشت کی فروخت میں مصروف ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ صرف زبانی دعوے کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
سستے بازاروں میں آٹے اور چینی کے حصول کیلئے لمبی لائنوں میں لگے شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا اور چینی پر سبسڈی دینی تھی تو اوپن مارکیٹ میں اسکی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا تاکہ تمام شہریوں کو دونوں اشیا کنٹرول نرخ پر باآسانی دستیاب ہو جاتیں۔