اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی محمد حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئی ریفائنری کے قیام کے لئے موزوں ماحول ہے۔
وفاقی وزیر توانائی محمد حماد اظہر سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اہم ملاقات کی ، ملاقات میں پاکستان میں توانائی بالخصوص آئل ریفائنری کے شعبے میں سرمایہ کاری اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت توانائی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت، اقدار اور روایات پر مبنی ہیں جن کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان میں نئے ریفائنری کے قیام کے لیے موزوں ترین وقت اور ماحول ہے۔
اس موقع پر معاون خصوصی برائے پاور و پیٹرولیم نے سعودی سفیر کو نئی مجوزہ ریفائننگ پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مراعاتی اقدامات متعارف کرانے جا رہی ہے،نئی مجوزہ ریفائننگ پالیسی میں پیٹرولیم سیکٹر کے لیے ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی اور ٹیرف سے متعلق مراعات شامل ہوں گی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے وزیر توانائی حماد اظہر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ موجودہ گہرے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، سعودی سفیر نے وزیر اعظم پاکستان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔