وزیراعظم عمران خان کوسعودی ولی عہد کا ٹیلیفون،صحت سےمتعلق دریافت کیا

Published On 29 March,2021 06:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خصوصی ٹیلی فون کرکے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا ہے۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو سعودی ولی عہد، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع محمد بن سلمان نے ٹیلیفون کیا۔ ولی عہد شہزادہ نے وزیر اعظم کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کی خیریت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

انہوں نے حال ہی میں ایک سرجیکل پروسیجرکرایا تھا۔وزیر اعظم عمران خان نے حال ہی میں ولی عہد شہزادہ کے ذریعہ اعلان کردہ “گرین سعودی اقدام” اور “گرین مشرق وسطی کے اقدام” کی تعریف کی۔انہوں نے پاکستان کے “10 بلین ٹری سونامی”اقدام پر بھی روشنی ڈالی،جو پورے ملک میں جاری ہے۔

وزیراعظم نے ماحولیاتی نظام کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے اس منصوبے کے ممکنہ فائدہ،دونوں ممالک کے ماحولیاتی اقدامات کے درمیان مشابہت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس شعبے میں دوطرفہ تعاون اور علم کے اشتراک میں اضافہ کی توقع ظاہرکی۔وزیر اعظم عمران خان نے شاہ سلمان بن عبد العزیز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ قابل بھروسہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اعادہ کیااور ساتھ ہی ساتھ مملکت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم اور ولی عہدنے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

سعودی ولی ولی عہد نے وزیر اعظم کو مستقبل قریب میں سعودی عرب کا دورہ کرنے کی دعوت دی، وزیراعظم عمران خان نے یہ دعوت قبول کرلی۔
 

Advertisement