پاکستانی اداکارہ کو سعودی عرب کی مستقل سکونت مل گئی

Published On 01 January,2021 06:00 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ زارا البلوشی کو سعودی عرب کی مستقل سکونت مل گئی۔

عرب نیوز کے مطابق 39 برس کی زارا البلوشی، جنہوں نے سعودی سکولوں میں تعلیم حاصل کی اور وہ روانی سے عربی زبان بو لتی ہیں، نے سوشل میڈیا پر اپنے پریمیئم ریزیڈینسی کارڈ کی تصویر پوسٹ کی ہے۔

زارا البلوشی کو سعودی عرب کی جانب سے 2019 میں لانچ کیے جانے والے ایک پروگرام کے تحت مستقل سکونت ملی ہے۔ اس پروگرام کے تحت غیر ملکی کسی سعودی شہری کی طرف سے سپانسر کے بغیر مستقل سکونت حاصل کر سکتے ہیں۔

سعودی عرب میں 2010 سے اداکاری کرنے والی زارا البلوشی نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ مجھ پر اعتماد کرنے اور مستقل سکونت دینے کا شکریہ۔ میں اپنی خوشی بیان نہیں کر سکتی۔ میں سعودی عرب میں جینا اور مرنا چاہتی ہوں۔

عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سعودی آرٹس اور سینما میں قابل قدر اضافہ ثابت ہوں گی۔

زارا البلوشی نے سعودی اور خلیج کے ’المیراث‘ اور ’ہیلو ہائے‘ جیسے ڈراموں میں کام کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ اب کسی ویزہ پابندی کے بغیر سعودی عرب سے کہیں بھی جا سکتی ہیں۔ اور واپس آ سکتی ہیں۔
 

Advertisement