ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی سرکاری سرمایہ کاری فنڈ نے بھارتی ریلائنس ریٹیل وینچورز لمیٹڈ کے 2.04 فیصد حصص خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی فرم کے حصص ایک ارب 30 کروڑ ڈالر میں خریدے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ریلائنس ریٹیل وینچورز تیل سے ٹیلی مواصلات تک مختلف شعبوں میں کاروبار کرنے والے بھارت کے بڑے گروپ ریلائنس کی تھوک پرچون کا کاروبار کرنے والی شاخ ہے۔ یہ گزشتہ کئی مہینوں سے غیرملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے کوشاں تھی۔
سعودی سرمایہ کاری فنڈ نے سرمایہ کاری سے قبل ریلائنس کی ڈیجٹیل خدمات فراہم کرنے والی فرم جیو پلیٹ فارمز کے جون میں 2.32 فیصد حصص خرید کیے تھے۔
سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر اور سعودی آرامکو کے چیئرمین یاسرالرمیان کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ریلائنس انڈسٹریز کے ساتھ اپنی پُراعتماد شراکت داری کو مزید آگے بڑھا رہے ہیں۔ یہ بھارت میں بعض سب سے پرکشش کاروباری شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کررہی ہے۔ یہ سودا پی آئی ایف کے دنیا بھر میں جدید کاروباروں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے عزم کا بھی مظہر ہے۔
پی آئی ایف کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پیش کردہ ویژن 2030ء میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ سعودی عرب اس فنڈ کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک بڑے کاروباری منصوبوں میں بھاری سرمایہ کاری کررہا ہے تا کہ تیل کی دولت پر انحصار کم کرکے آمدن کے دوسرے ذرائع پیدا کیے جاسکیں اور قومی معیشت کو متنوع بنایا جاسکے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ریلائنس انڈسٹریز ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی ملکیتی ہے۔ وہ دوسری فرموں سے آن لائن مسابقتی کاروبار کے لیے مزید سرمائے کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ ریلائنس کا اس وقت بھارت میں والمارٹ کی فلپ کارٹ اور امازون کی بھارتی شاخ سے مقابلہ ہے۔
مکیش امبانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریلائنس کی سعودی عرب سے ایک طویل شراکت داری ہے۔پی آئی ایف سعودی عرب میں معاشی تبدیلیوں کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔میں ریلائنس ریٹیل میں پی آئی ایف کا ایک قابل قدر شراکت دار کی حیثیت سے خیرمقدم کرتا ہوں۔