ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب فلسطین کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ نے باور کرایا ہے کہ مملکت عرب ممالک کی وحدت، سیادت اور ان کی اراضی کی سلامتی کی خواہاں ہے۔ یہ موقف ایک ورچوئل اجلاس میں سامنے آیا۔
اجلاس کی صدارت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ سعودی کابینہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ خطے کے استحکام کے لیے خطرہ بننے والے کسی ضرر کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وہ مسئلہ فلسطین کے ایک منصفانہ اور جامع حل تک پہنچنے کے لیے تمام کوششوں کو سپورٹ کرتا ہے جن کا مقصد یہ ہے کہ بین الاقوامی قرار دادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق 1967ء کی سرحدوں پر ایک خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے۔ اس ریاست کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔
یہ بھی پڑھیں: عرب ممالک کیساتھ تعلقات: اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی سازش رچا لی
وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے واضح کیا کہ کابینہ نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت میں منظم طور پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے بیسلٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے حملوں کی کوششوں کی مذمت کی۔
کابینہ نے یمن میں آئینی حکومت کی سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی مشترکہ فورسز کو سراہا۔
اسی طرح سعودی کابینہ نے مملکت کی طرف سے دھماکے کی بھی سخت مذمت کی جس میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نائب صدر کی سواری کو نشانہ بنایا گیا۔
یاد رہے کہ اس کارروائی میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ مملکت نے باور کرایا کہ وہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام تر صورتوں کے خلاف برادر ملک افغانستان کے ساتھ کھڑی ہے۔