شاہ سلمان بن عبد العزیز کے پتے کا کامیاب آپریشن

Last Updated On 23 July,2020 06:15 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز کے پتے کا کامیاب آپریشن کر دیا گیا۔

سعودی خبر رساں ادارے ’سعودی گزٹ‘ کے مطابق سعودی عرب کے خادم الحرمین شریفین کا پتے کا کامیاب آپریشن صوبے ریاض کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں ہوا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کامیاب آپریشن کے بعد ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شاہ سلمان مزید کچھ وقت ہسپتال میں گزاریں گے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو پتے کی تکلیف کے باعث دارالحکومت ریاض کے ایک ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا

سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق 2015ء سے سعودی عرب پر حکومت کرنے والے شاہ سلمان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔

اے ایف پی اور رائٹرز نے شاہی دربار کی جانب سے جاری کی جانے والے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہ سلمان کو کولی سِسٹائیٹس کی تکلیف کے باعث معائنے کے لیے دارالحکومت میں شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال لایا گیا تھا۔

سعودی عرب شاہی خاندان اور خصوصاً 84 سالہ شاہ سلمان کی صحت کے حوالے سے خبریں کم ہی دیتا ہے۔

گزشتہ پیر کے روز عراق کے نئے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے بھی شاہ سلمان سے ملاقات کرنی تھی تاہم ان کی بیماری کے باعث یہ ملاقات اسے ملتوی کر دیا گیا۔

شاہ سلمان 2015 میں اپنے سوتیلے بھائی 90 سالہ عبداللہ کی وفات کے بعد سعودی عرب کے بادشاہ بنے تھے۔ انھوں نے 2012ء سے فرمانرواں اور نائب وزیر اعظم کے طور پر کام کیا اور تقریباً 50 برس تک ریاض کے گورنر رہے۔

2017 میں خبریں آئیں کہ شاید شاہ سلمان اپنے بیٹے محمد بن سلمان کے حق میں تخت سے دستبردار ہو رہے ہیں تاہم سرکاری طور پر ان خبروں کی تردید کی گئی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ اس وقت عملی طور پر محمد بن سلمان ہی سعودی عرب کے حکمران کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
 

Advertisement