اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ دوست ممالک کو رقوم کی واپسی کا سلسلہ شیڈول کے مطابق چل رہا ہے۔ سعودی عرب سے تعلقات کی خرابی کی باتیں افواہیں ہیں۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداور حماد اظہر کا گلشن راوی لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے کورونا کی جنگ احسن انداز سے لڑی، آئندہ بھی محتاط رہنا ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب سے بھائیوں جیسے تعلقات ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔ تعلقات میں خرابی کی باتیں محض افواہیں ہیں۔
وزیر صنعت و پیداور نے کہا کہ ملکی معیشت بحالی کی طرف گامزن ہے۔ کرنٹ اکاؤ نٹ خسارہ 3 ارب ڈالر پر لے آئے ہیں۔ حالیہ قانون سازی سے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مدد ملے گی۔
چینی کی قیمتوں بارے سوال پر حماد اظہر نے کہا کہ بروقت 3 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئندہ مہینوں میں مہنگائی کم ہوگی۔
وفاقی وزیر حماد اظہر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق حکومت نے کرنسی کی قیمت کو مصنوعی طور پر قابو میں رکھا جس کی وجہ سے ڈالر کی آج یہ صورتحال ہے۔