ملتان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت جلد پاکستان آئے گی۔ کشمیریوں نے حضرت امام حسینؓ کے نقش قدم پرچلتے ہوئے بھارتی مظالم کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے پاکستان کے ساتھ بڑے اچھے تعلقات ہیں، سعودی قیادت جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں محرم کے جلوسوں پر پابندی ہے، عید پر نماز کی اجازت بھی نہیں دی گئی، انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بلیک آؤٹ جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر بھی قدغن ہے، کشمیری جفا کشوں نے بھارت کی ہر پیشکش ٹھکرا دی، کشمیریوں نے بھارت کو پیغام دے دیا کہ ہماری منزل آزادی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے
ان کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت کے خاتمے، ہم آہنگی کے فروغ میں علما کا اہم کردار ہے، تفریق پیدا کرنیوالے عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا اجتماعی ذمہ داری ہے، حضرت امام حسینؓ کی شہادت کا فلسفہ حق کیلئے ڈٹ جانا ہے، ہر زمانہ حسینؓ کا ہے، آخری فتح حق کی ہوتی ہے۔
کراچی کا ذکر کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے دعا کریں، آج کراچی والے مشکلات سے دوچار ہیں، وہاں سیوریج ، نکاسی اور پانی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا، کراچی میں انتظامیہ نے اپنی تجوریاں بھریں، شہر کو اس کے حال پر چھوڑ دیا، کراچی میں کسی قسم کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔
کورونا وائرس سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ماہرین کے خدشے کے مطابق آج ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 20 لاکھ ہونی چاہیے تھی لیکن اللہ کا کرم ہوا اور آج پاکستان میں 91 فیصد وینٹی لیٹرز خالی ہیں، اسپتالوں میں خصوصی ورڈز پر دباؤ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہرین کورونا وائرس کنٹرول کرنے پر پاکستان کی کیس اسٹڈی کرنا چاہتے ہیں، کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہمیں احتیاط کرنا ہوگی، خدشہ ہے کہ سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے اس لیے احتیاط کرنا چاہیے۔