کوریا پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرنے کے لیے تیار

Published On 08 July,2021 11:26 am

کراچی:(روزنامہ دنیا) پاکستان میں کوریا کے سفیر سو سانگ پیو نے تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرنے کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کوریا کے سفیر سو سانگ پیو نے کہا کہ کوریا اورپاکستان کے مابین دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے آزاد تجارتی معاہدہ انتہائی ضروری ہے تاکہ دونوں ملکوں کی تاجربرادری ایک دوسرے کے ملکوں میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔انہوں نےیہ بات ایف پی سی سی آئی کی پاکستان کوریا بزنس کونسل کے چیئرمین سہیل نثار سے ملاقات کے موقع پر تجارتی تعلقات اور نئی تجارتی راہیں تلاش کرنے کے امور پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔

کورین سفیر نے کہاکہ آزاد تجارتی معاہدے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستانی تاجربرادری اپنی حکومت سے درخواست کرے کہ وہ کورین حکومت کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت کو آگے بڑھائے تاکہ کورین سفارتخانہ اپنا کردار ادا کرسکے ۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی تاجربرادری پر زور دیا کہ وہ جوائنٹ ونچر میں دلچسپی کا مظاہرہ کریں اور معیشت کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں۔