خیبرپختونخوامیں آلودگی جانچنے کیلئے نصب کروڑوں روپے کے آلات غیرفعال

Published On 08 July,2021 09:57 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں آلودگی جانچنے کے لئے نصب کروڑوں روپے کے آلات غیر فعال ہو گئے، پشاور میں 8 مختلف مقامات پر نصب آلات صرف ایک سال ہی چل سکے، معاون خصوصی کامران بنگش کہتے ہیں آلات کو فعال کرنے سمیت دیگراضلاع میں بھی نصب کیے جائینگے۔

خیبرپختونخوا میں متعلقہ اداروں کی غیرذمہ داری کے باعث آلودگی جانچنے والے آلات ایک سال چلنے کے بعد غیرفعال ہوگئے، پشاور میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی جانچ کے لیے صوبائی حکومت نے گزشتہ سال 8 مختلف مقامات پر آلات نصب کئے جن کی مدد سے فضا میں موجود مضر صحت عناصر کی نشاندہی کرنا تھا لیکن عدم توجہ کے باعث ائیر کوالٹی ہیلتھ انڈکس سسٹم غیر فعال ہو گیا۔

محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے آلات چیف سیکرٹری آفس، سول سیکرٹریٹ اور لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ سمیت دیگر مقامات میں نصب تھے، معاون خصوصی کامران بنگش کہتے ہیں صرف پشاور نہیں بلکہ ڈویژنل اور تحصیل سطح پر بھی مزید آلات نصب کرینگے۔

پشاورمیں نصب ائیرکوالٹی ہیلتھ انڈیکس ہوا میں کاربن ڈائی اکسائیڈ، کاربن مونواکسائیڈ سمیت دیگرعناصرکی نشاندہی کرکے موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے معلومات فراہم کرتا تھا۔
 

Advertisement