پشاور: (دنیا نیوز) بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمارکی غائبانہ نماز جنازہ پشاور کے محلہ خداداد میں ادا کی گئی۔
بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں راج کرنے والے یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی غائبانہ نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی،نماز جنازہ ان کے آبائی گھرمحلہ خداداد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں اور ان کے چاہنے والوں نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد دلیپ کمار کی روح کے ایصال ثواب کےلیے دعا کی گئی۔ 98 سالہ دلیپ کمار کو گذشتہ بدھ کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور آج انتقال کرگئے۔
دلیپ کمار نے کئی مشہور بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ،نیا دور، مغل اعظم، دیوداس، رام اور شیام، انداز، مدھومتی اور گنگا جمنا ان کی مشہور فلمیں ہیں ، وہ 11 دسمبر 1922 میں پشاور کے قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں پیدا ہوئے تھے۔