کراچی: (دنیا نیوز) پوائنٹ آف سیلز، سیلز ٹیکس ترمیمی آرڈیننس پر تاجروں میں گروپ بندی ہو گئی، ایف بی آرسے مذاکرات کے بعد مرکزی تنظیم تاجران کی ملک گیر ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ آل پاکستان انجمن تاجران نے انتیس ستمبر کو ایف بی آر کے گھیراؤ کا اعلان کیا ہے۔
مرکزی تنظیم تاجران اور ایف بی آر حکام کے درمیان مذاکرات ہوئے مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممبر آپریشنز ایف بی آر قیصر اقبال نے کہاکہ سیلز ٹیکس چھوٹے تاجر کا مسئلہ نہیں ہے بجلی کے بل پر عائد ٹیکس کا اطلاق چھوٹے تاجر پر نہیں ہوگا، وہ لوگ جو پیسے کما رہے اور ٹیکس نہیں دے رہے انکو ٹیکس کے دائرہ کار میں لارہے ہیں۔
اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران کے صدر کاشف چوہدری نے کہاکہ ایف بی آر ہیڈکوارٹر سے لے کر نچلی سطح تک کمیٹیوں کو فعال کیا جائے گا، ہمارے تحفظات دورہوگئے ہیں ہم اپنی ہڑتال کی کال موخر کرتے ہیں۔
صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ انتیس ستمبر کو کالے قانون کے خلاف گھیراو کے لیے ایف بی آر پہںچیں گے، پوائنٹ آف سیل پر ڈیوائس لگانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، سیلزٹیکس رجسٹریشن کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
اجمل بلوچ نے کہاکہ صدارتی آرڈیننس سے ایف بی آر کو دیئے گئے اختیارات سے کرپشن میں اضافہ ہو گا۔