لاہور: (دنیا نیوز) آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ ایک بار پھر سے ناکام ہو گئی، قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے نے شہریوں کو مزید مسائل سے دوچار کر دیا۔
آٹے اور گندم کی قیمتوں کی ایک بار پھر سے اونچی اُڑان جاری، سرکاری قیمت والا آٹا مارکیٹوں میں نایاب ہو گیا جبکہ فائن آٹے کے 15 کلو گرام تھیلے کی قیمت بھی 1200 روپے تک جاپہنچی ہے، اوپن مارکیٹ میں گندم 2500 روپے فی من اور دیسی آٹا 80 سے 85 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہونے لگا ہے جس سے عام آدمی مسائل کا شکار بن کر رہ گیا ہے۔
معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی کہتے ہیں آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ شہری کہتے ہیں کہ اگر ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو اگر لگام نہ ڈالی گئی تو آئندہ دنوں میں مزید قیمتیں بڑھنے سے مزدور طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہوجائے گا۔