روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مسلسل تیسرے روز بھی سستا

Published On 29 October,2021 04:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور امریکی کرنسی مسلسل تیسرے روز سستی ہو گئی اور قیمت میں 172 روپے کی حد بھی گر گئی۔

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کے پیکیج کے اعلان کے فوری بعد معیشت پر مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔مسلسل تیسرے کاروباری روزکے دورران امریکی ڈالر سستا ہو گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں امریکی ڈالر مزید 61 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 172 روپے 26 پیسے سے کم ہو کر 171 روپے 65 پیسے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 52 پیسے سستا ہونے کے بعد 172 روپے 26 پیسے پر بند ہوا تھا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی طرف سے امداد ملنے کے اگلے روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں زبردست بحالی دیکھنے کو ملی تھی اور انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 49 پیسے کم ہو گیا تھا اور قیمت 175 روپے 27 پیسے سے کم ہو کر 172 روپے 78 پیسے ہو گئی تھی۔

ماہرین کے مطابق سعودی پیکیج سے پاکستان کی معیشت کو قلیل مدت کے لیے سہارا مل گیا ہے جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ پیکیج سے ناصرف مجموعی معیشت میں بہتری آئے گی بلکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو بھی کسی حد تک ریلیف دیا جائے گا۔
 

Advertisement