پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں اراضی کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے اقدامات تیز کر دیئے گئے، رواں سال دسمبر میں صوبے کا زمینوں کا 70 فیصد ریکارڈ کمپیوٹرائرزڈ کردیا جائیگا، شہری کہتے ہیں اعلانات تو ہوتے ہیں لیکن عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں زمینوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے سے متعلق اقدامات تیز کردیئے۔ محکمہ ریونیونے صوبے بھرمیں زمینوں کی کمپیوٹرائزیشن کا تقریباً 40 فیصد کام مکمل کرلیا، رواں سال کے آخرمیں مزید 30 فیصدریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کردیا جائیگا، ایس ایم بی آر کے مطابق کمپیوٹرائزیشن سے جہاں شہریوں کو پٹواریوں کے دفاتر کے چکر لگانے سے نجات حاصل ہو گی وہیں فرد نمبر اور انتقالات بھی جلد حاصل کیے جاسکیں گے۔
شہریوں نے بھی اراضی سے متعلق عرصہ دراز سے درپیش مسائل کے حل کے لیے جہاں حکومتی اقدامات کو سراہا تو وہیں تیز تر اور فوری عملدرآمد کا مطالبہ بھی کردیا۔
بورڈ آف ریونیو حکام کےمطابق صوبے کے بندوبستی اضلاع کےعلاوہ ضم اضلاع میں بھی بہت جلد ڈیجیٹلائزیشن کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔