کوئٹہ میں عوام سبزیاں خریدنے سے بھی عاجز، آلو 400 روپے دھڑی فروخت

Published On 11 November,2021 03:34 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگیں، آلو 400 روپے دھڑی، ٹماٹر 140 روپے کلو فروخت ہونے لگا۔ ہر سبزی کی قیمت میں 70 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

کوئٹہ میں عوام کے لئے صرف اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہی نہیں بلکہ سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں، شہر کی سبزی منڈی میں ٹماٹر 80 روپے سے بڑھ کر 140 روپے کلو، لہسن 100 روپے اضافے کے ساتھ 300 روپے، ادرک 400 سےبڑھ کر 500 روپے، مٹر300 روپے کلو جبکہ بھنڈی 150 روپے کلو میں فروخت ہونے لگی ہیں۔

دیگر روزمرہ استعمال کی طرح سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نےعوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ سبزی منڈی میں آئے شہری سبزیوں کی قیمتیں سن کر ہی کانوں کو ہاتھ لگانے پر مجبور ہوگئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اب تو حکومت سے گلہ کرنا بھی بے سود ہے۔ تبدیلی سرکار نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا اور نہ ہی اس مہنگائی پر قابوپایا گیا بلکہ تقریبا روزانہ کی بنیاد پر اضافے پر اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
 

Advertisement