لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کی بے قدری جاری ہے، امریکی ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین کی جانب سے انتباہی انداز میں دیئے گئے بیانات کے باوجود ملک بھر میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، سعودی عرب کی طرف سے ملنے والی اربوں ڈالرز کی امداد بھی روپیہ کی گراوٹ کو بچا نہ سکی۔
رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر مزید 30 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 180 روپے 30 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 10 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 177 روپے 61 پیسے سے بڑھ کر 177 روپے 71 پیسے ہوگئی ہے۔ ایک موقع پر امریکی کرنسی 178 روپے کی سطح بھی عبورکر گئی تھی۔
Interbank closing #ExchangeRate for today:https://t.co/7k4TteKJvg pic.twitter.com/ErX388OS1r
— SBP (@StateBank_Pak) December 10, 2021
یکم جولائی سے اب تک ڈالر 12 اعشاریہ 7 فیصد مہنگا ہو گیا ہے، ڈالر مہنگا ہونے سے بیرونی قرضوں کا بوجھ 2500 ارب روپے سے زائد ہو گئے ہیں۔