لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف اضلاع میں گندم کی فصل پر پیلی کنگھی کا حملہ شدت اختیار کر گیا، فصل متاثر ہونے پر پیداوار میں 5 سے 10 فیصد تک کمی کا امکان ہے۔
پنجاب میں 1 کروڑ 70 لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کی فصل کاشت کی گئی ہے جس کا پیداواری ہدف بھی 2 کروڑ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں گندم کی فصل پر پیلی کنگھی کا حملہ شروع ہو گیا ہے جس سے فصل متاثر ہونے پر کاشتکاروں کی اکثریت سپرے کرنے کے باوجود پریشان ہے۔
سیکرٹری زراعت کا موقف ہے کہ کاشتکار سپرے کرنے کے ساتھ متاثرہ پودے کو فصل سے نکال کر تلف کر دیں تا کہ گندم کی پیداوار کا مطلوبہ ہدف پورا کیا جا سکے۔
کسانوں نے گندم کی امدادی قیمت 2500 روپے فی من مقرر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہ ہونے پر کاشتکار تنظیمیں حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔