لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سبسڈی کم کردی گئی، پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کم ہو کر چھپن روپے اکہتر پیسے تک رہ گئی، سیلز ٹیکس اور لیوی کی شرح صفر پر برقرار ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لٹر اضافے سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی کم ہو گئی ہے، حکومت کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل پر سبسڈی 86 روپے71 پیسے سے سے کم کر کے 56 روپے71 پیسے فی لٹر کردی گئی ہے۔
پٹرول پر سبسڈی 47 روپے 2 پیسے سے کم کر کے 17روپے 2 پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل پر سبسڈی 67 روپے 84 پیسے سے کم کر کے37 روپے 84 پیسے کردی گئی ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد مٹی کے تیل پرسبسڈی51 روپے 83 پیسے سے کم کرکے 21 روپے 83 پیسے فی لٹر کردی گئی ہے، آئی ایم ایف نے پٹرول پر سبسڈی ختم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد حکومت کی جانب سے قیمتوں میں تیس روپے فی لٹر کے بڑے اضافے کا اعلان کیا گیا۔
حکام کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور سیلز ٹیکس کی شرح زیرو برقرار ہے تاہم سبسڈی کے خاتمے کے بعد اس کی شرح میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔