عوام کو ایک اور جھٹکا، بجلی مزید 3 روپے 99 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری

Published On 31 May,2022 10:17 am

کراچی : (دنیا نیوز) حکومت نے عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا، نیپرا نے بجلی مزید 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا میں بجلی کی قیمت میں 4 روپے5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواست دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ 12 ارب55 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔

سی پی پی اے نے مزید کہا کہ بجلی پیدوار کی مجموعی لاگت 133 ارب روپے رہی، ڈیزل سے 27 روپے فی یونٹ، فرنس آئل سے 28، ایل این جی سے 16، کوئلے سے 14 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، 31 روپے فی یونٹ بجلی لاسز کی نذر ہوگئی۔

نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی جس سے صارفین پر 51 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا جبکہ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا۔
 

Advertisement