اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا، بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 674 میگا واٹ تک پہنچنے کے بعد لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہو گیا۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 674 میگا واٹ تک پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی کل طلب 29 ہزار 900 میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ بجلی کی کل پیداوار 22 ہزار 226 میگاواٹ ہے، شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے تجاوز کرچکا ہے۔
پاور ڈویژن نے بتایا ہے کہ ملک میں پانی سے 5 ہزار 625 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 327 میگا واٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 11 ہزار 500 میگا واٹ، ونڈ پاور پلانٹس ایک ہزار 235 اور سولر پلانٹس سے پیداوار 122 میگاواٹ بجلی تیار کی جارہی ہے۔