ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 662 میگاواٹ ہو گیا، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

Published On 12 June,2022 11:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں بجلی کا شارٹ فال چار ہزار چھ سو باسٹھ میگاواٹ ہو گیا۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 838 میگاواٹ ہے جبکہ طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔ پانی سے 4 ہزار 930 میگا واٹ اور سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1 ہزار 595 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے ۔ دیہی علاقوں میں لوڈ شیدنگ کا دورانیہ بارہ سے چودہ گھنٹے جبکہ شہری علاقوں میں دورانیہ آٹھ گھنٹے تک ہے۔ 

بجلی کی بلا تعطل فراہمی تاحال ممکن نہ ہو سکی۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بجلی درد سر بنی ہوئی ہے، شدید گرم موسم کے ساتھ بجلی کی عدم دستیابی مسائل بڑھانے لگی۔ 

اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی بندش نے عوام کے ناک میں دم کر دیا ہے، بجلی سسٹم اوور لوڈ ہونے سے ٹرپنگ کی شکایات بھی بڑھ گئیں۔ ٹرانسفارمرز خرابی کے مسائل بھی بدستور موجود ہیں جس کے سبب کئی کئی گھنٹے بجلی بند ہوتی ہے۔

لیسکو کو بدستور 600 میگا واٹ تک بجلی شارٹ فال کا سامنا ہے، شہری علاقوں میں چار سے چھ گھنٹے بجلی بندش کا شیڈول ہے، دیہی علاقوں میں کم از کم آٹھ گھنٹے تک بجلی بندش دورانیہ ہے۔ تکنیکی خرابیوں سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شیڈول سے ہٹ کر بھی بجلی بند رہتی ہے۔
 

 

Advertisement