بلوچستان میں 16 گھنٹوں تک طویل لوڈشیڈنگ، کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا

Published On 07 June,2022 11:55 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں 16 گھنٹوں تک کی طویل لوڈ شیڈنگ سے درزیوں سمیت دکانداروں کا کاروبار شدید متاثر ہونے لگا، حکومت سے غیر فعال توانائی منصوبوں کو کام میں لا کر لوڈ شیڈنگ میں کمی کا مطالبہ کر دیا۔

موسم کی شدت میں اضافے کے ساتھ بلوچستان میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھتا جا رہا ہے جس سے کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہونے لگا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 8 سے 12 گھنٹے جبکہ دیگر اضلاع میں 12 سے 16 تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، طویل لوڈ شیڈنگ سے کاروباری حضرات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

درزیوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور معاشی حالات کے پیش نظر کاروبار پہلے ہی کم ہے، اب گھنٹوں بجلی کی بندش سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔

کاروباری حضرات سمیت شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت توانائی کے غیر فعال منصوبوں کو چالو کر کے لوڈ شیڈنگ میں کمی لائے تاکہ طویل لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہونیوالے افراد سکھ کا سانس لے سکیں۔
 

Advertisement