لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں توانائی بحران جاری ہے، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار576 میگا واٹ تک پہنچ گیا۔
ملک بھر میں توانائی کا بحران جاری ہے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث ہر شخص پریشان ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت شہروں اور دیہات میں شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ شہری علاقوں میں دس سے بارہ، دیہات میں سولہ گھنٹے بجلی بند رہنے لگی، بیشتر علاقوں میں وولٹیج کم ہونے کی بھی شکایات ہیں۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق آج ملک میں بجلی کی پیداوار 19 ہزار 924میگا واٹ، بجلی کی طلب 26ہزار 500 میگاواٹ جبکہ شاٹ فال 6ہزار 576 میگاواٹ ہے جس کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق پانی سے 5 ہزار 219میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس 1 ہزار 284 میگا واٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 764 میگاواٹ ہے۔
دوسری جانب آئیسکو ریجن میں بھی 450 میگاواٹ شارٹ فال ہے جس کے باعث اسلام آباد میں 6، گردونواح میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پاورڈویژن ذرائع کے مطابق زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے۔