اسلام آباد : (دنیا نیوز) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 865 میگا واٹ تک جا پہنچا، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے سے بھی بڑھ گیا، بجلی کی بندش سے عوام کا جینا محال ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 135 میگا واٹ ہے جبکہ ملک میں بجلی کی کل طلب 26 ہزار میگا واٹ ہے، بجلی کی کم پیداوار کا خمیازہ عوام کو لوڈشیڈنگ کی صورت میں بھگتنا پڑ رہاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی سے 4 ہزار 622 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 134 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 377 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 415 میگا واٹ بجلی بن رہی ہے جبکہ سولر پلانٹس سے پیداوار 113 میگا واٹ ہے۔
محکمہ توانائی کے مطابق بگاس سے چلنے والے پلانٹس 190 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے 2 ہزار 284 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
بجلی کی کم پیدوار کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ آئیسکو کو بھی 550 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، اسلام آباد ریجن میں بھی 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔
بجلی کی طویل بندش اور شدید گرمی کی وجہ سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی، پورا دن بجلی کی آنکھ مچولی سے صارفین تنگ آگئے، کم وولٹیج کی وجہ سے اشیاء خراب ہونے لگی ہیں۔