لاہور: (دنیا نیوز) لاہورمیں چھٹی کے روز بجلی کی طلب میں کمی ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہو گیا، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کردیا۔
صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی، لیسکو میں بجلی کی طلب 4200 میگا واٹ ہے جبکہ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 3500 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، لیسکو کو 700 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔
شارٹ فال زیادہ ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں جبری لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، لیسکو کی جانب سے ہائی لاسسز فیڈرز پر 6 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے، دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے سے زائد ہے۔