کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گرمی بڑھتے ہی کے الیکٹرک کا سسٹم بھی جواب دینے لگا۔ لوگ ایک پنکھے سے بھی محروم ہو گئے۔ بیشتر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دس گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔
کے الیکٹرک کی بدترین کارکردگی، شدید گرمی میں کراچی پھر بجلی کو ترس گیا۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ کے الیکٹرک کا شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دعوی بھی غلط ثابت ہوا، شہر میں بجلی جانے کا کوئی وقت نہ رہا،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان رہنے لگے۔
ملیرسٹی رفیع گارڈن، لائینزایریا،لیاقت آباد، اورنگی ٹاون،شاہ فیصل کالونی لوڈشیڈنگ سے زیادہ متاثر ہیں جبکہ گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ، بھٹائی آباد، لانڈھی اور کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں بھی بجلی کے تعطل نے لوگوں کی زندگی اذیت ناک بنا رکھی ہے۔
شدید گرم موسم میں بوڑھے،خواتین،بچے حتی کہ بیمار افراد کا بھی کوئی پرسان حال نہیں۔ سندھ ہائیکورٹ کی بھی بجلی صبح 5 بجے سے بند رہی، عملہ اور وکلا سمیت سائلین بھی شدید پریشان نظر آئے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کی بجلی سب اسٹیشن میں فالٹ کے باعث متاثر ہوئی، عدالتی امور کیلئے کے الیکٹرک متبادل ذرائع کا انتظام کر رہا ہے۔