کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کر دیا۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
بلوچستان میں بجلی کے 17 سو میگاواٹ کا شارٹ فال کم نہ ہو سکا۔ کیسکو حکام کے مطابق بلوچستان میں صرف 500 میگاواٹ بجلی دستیاب ہے۔ بجلی کی کمی کی وجہ سے کوئٹہ میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں 12 گھنٹے اور زرعی علاقوں میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ صوبے کے گرم ترین مقامات سبی، تربت میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔