اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار میگاواٹ کے قریب ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نرخ بڑھانے کی بھی درخواست دیدی جس پر کل فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھٹنے میں بجلی کی مجموعی پیداوار 18 ہزار 31 میگاواٹ جبکہ بجلی کی طلب 26 ہزارمیگاواٹ سے زائد ہے، پن بجلی ذرائع سے 3 ہزار 674 تھرمل پاورپلانٹس سے 786 نجی بجلی گھروں سے 9 ہزار 526، ونڈ پاور سے 487 جبکہ سولر پاور پلانٹس 104 میگاواٹ پیدا ہوئی۔ ایٹمی بجلی گھروں سے بجلی کی پیداوار 3 ہزار 312 میگاواٹ ہے۔ شاٹ فال کی وجہ سے ملک میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف نیپرا بدھ کو سینٹرل پاورپرچینزنگ ایجنسی کی 3 روپے 15 پیسے جبکہ کے الیکٹرک کی 5 روپے 27 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی درخواستوں پر سماعت اور فیصلہ کرے گا۔ بجلی کمپنیاں مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ مانگ رہی ہیں۔