کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی عدم فراہمی کی شکایات میں اضافہ ہو گیا، کے الیکٹرک نے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں پانچ روپے ستائیس پیسے اضافے کی درخواست بھی کر رکھی ہے، نیپرا نے ستائیس اپریل کو سماعت مقرر کر دی۔
کراچی میں موسم نے کروٹ لی تو کے الیکٹرک نے ایک بار پھر شہریوں کا امتحان لینا شروع کردیا، ماہ صیام کے دوسرے عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں سے بن بتائے بجلی بندش کی شکایات سامنے آنے لگیں۔ ملیرسعود آباد، رفیع گارڈن ملیر سٹی، گلستان جوہر بلاک اٹھارہ اور لائنز ایریا سمیت مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی بندش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کے الیکٹرک نے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں پانچ روپے ستائیس پیسے اضافے کی درخواست بھی کردی، نیپرا ستائیس اپریل کو سماعت کرے گی۔
شہری کہتے ہیں کہ کے الیکٹرک کے سحری اور افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوے بھی ہوا ہو گئے۔
ترجمان کے الیکٹرک نے شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تردید کی ہے ترجمان کے مطابق علاقائی سطح پر فالٹ کی صورت میں صارفین کو بجلی کی بندش کا سامنا ہوتا ہے جس کے لیے کے ای کی ٹیمیں متحرک ہیں۔