اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، نیپرا نے ملک بھر میں جاری غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر صارفین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خلاف متعلقہ ریجنل دفاتر میں شکایات درج کروا سکتے ہیں، صارفین سے گزارش ہے وہ جامع تفصیلات کے ساتھ شکایات درج کروائیں۔
اعلامیہ کے مطابق کسی بھی تقسیم کارکمپنی کے خلاف غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ ثابت ہونے پر متعلقہ ایس ڈی او، ایکس ای این، ایس ای اور سی او کے خلاف سخت کاروائی ہوگی،صارفین شکایات کے لئے نیپرا کے علاقائی دفاتر کے نمبروں پر اپنی شکایات بھجوائیں۔