اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام کے لئے بری خبر، ملک میں بدترین گیس لوڈشیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر وزیر توانائی حماد اظہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں دن میں صرف 3 وقت گیس ملے گی، گیس صارفین کو ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانا کی تیاری کے وقت ملے گی، ہفتے میں تین دن گیس فراہمی کی خبر درست نہیں، روس کے ساتھ گیس پائپ لائن کے حوالے معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، مذاکرات کے نئے دور کیلئے دو سے تین روز میں روس کا وفد دوبارہ آئے گا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ایل این جی پاکستان ایل این جی بورڈ کے ذریعے خریدی جاتی ہے، ایک یا دو کارگوز کی خریداری پی ایس او بورڈ کے زریعے ہوتی ہے، بورڈ کی منظوری کے بغیر کوئی خریداری نہیں ہوتی، پورے کا پورا پراسیس شفاف انداز میں ایک بورڈ کے ذریعے طے پاتا ہے، نومبر اور دسمبر کیلیے 11 اور کارگوز لئے ہیں۔