کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں بجلی بحران سنگین ہوگیا۔ شدید گرمی میں کے الیکٹرک شہریوں کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام، شہر میں 12 گھنٹوں سے زائد لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
کراچی میں بجلی کا مسئلہ سنگین ہوگیا۔ اکثریتی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹوں سے تجاوز کرگیا۔ بجلی بندش کے باعث گھروں میں پانی کی بھی قلت کا سامنا ہے۔ عوام کے الیکٹرک سے تنگ آگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکمران سنجیدگی سے نوٹس لے۔
کراچی میں اس وقت 400 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے۔ بجلی کی طلب 3500 جبکہ رسد 3100 میگا واٹ ہے۔ کے الیکٹرک صرف 1200 سے 1400 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہی ہے۔ باقی این ٹی ڈی سی اور دیگر ذرائع سے حاصل کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی فراہمی بلوں کی ادائیگی سے مشروط ہے۔ لیکن بل بھرنے والے شہری بھی اذیت برداشت کر رہے ہیں۔ معاملے پر امیر جماعت اسلامی کراچی نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ معاملے پر وزیراعلی سندھ کی وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر سے اہم ملاقات ہوئی۔ مرادعلی شاہ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں بجلی کا مسئلہ اٹھایا۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ سی ای او کے الیکٹرک سے کراچی میں بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بات کرینگے۔