لاہور :(دنیا نیوز) لاہورسمیت ملک بھر میں بجلی کے شارٹ فال کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا، گرمی کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں بجلی کی طلب بھی بڑھ گئی، لیسکو کی بجلی کی طلب 4750 میگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے، شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 جبکہ دیہات میں 12 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پانی سے 4 ہزار 611 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 156 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 568 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس 828 میگاواٹ اور سولرپلانٹس سے پیداوار 126 ہے، بگاس سے چلنے والے پلانٹس 142 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن 2 ہزار 284 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
ملک میں بجلی کی پیداوار کم ہونے پر لیسکو کا کوٹہ بھی کم کردیا گیا این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 3750 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے اور لیسکو کو 700 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے،شارٹ فال بڑھنے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہونے سے شہریوں کا گرمی سے برا حال ہو گیا۔