کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت صوبے بھرمیں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان خصوصاخواتین کو امور خانہ میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
وادی کوئٹہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی طویل اور غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی شروع ہوگئی ہے، شہر کے نواحی علاقے ہزارہ ٹاون، سپینی روڈ اور سریاب سمیت دیگرعلاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی اور وولٹیج کی کمی کے باعث خواتین کو انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
خواتین کا کہنا ہے کہ ایک طرف موسم گرم تو دوسری طرف بجلی کی ہر ایک گھنٹے کے بعد بندش سے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ برتنوں اور کپڑوں کی دھلائی سمیت دیگر کام نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں، کچن میں ٹارچ کی روشنی میں کام کر کے خواتین دن گزار دیتی ہیں۔
خواتین کا گلہ ہے کہ علاقے میں 24 گھنٹوں کے دوران بجلی صرف 2 سے 3 گھنٹے ہی فراہم کی جاتی ہے، کئی کئی گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باوجود ہزاروں روپے کا بل بھی ان کے لئے محکمے کی طرف سے ہر ماہ ملتا ہے جسے جمع نہ کریں تو جرمانے لگا دیئے جاتے ہیں ۔