اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینیر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر عوام سے معذرت کرتے ہیں۔ پچھلی حکومت نے 4 سال تک عوام سے جھوٹ بولا، ان کے دور میں ايک ميگاواٹ بھی بجلی نہيں بنی، آج سے لوڈشیڈنگ کم کرکے ساڑھے 3 گھنٹے پر لے آئیں گے۔
وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ پر عوام سے معذرت کرتے ہیں۔ پچھلی حکومت نے 4 سال تک عوام سے جھوٹ بولا، ان کے دور میں ايک ميگاواٹ بھی بجلی نہيں بنی، ایل این جی کیلئے کوئی نیا سودا نہیں کیا، وہ ملک پر خودکش حملہ کرکے جاچکے ہيں، انہوں نے آئی ايم ايف سے اپنے ہی کیے ہوئے معاہدے کو توڑا۔
شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ حکومت پٹروليم مصنوعات پر ايک پيسہ ٹيکس نہيں لے رہی، عالمی منڈی ميں قيمتيں کم ہوں گی تویہاں بھی کم ہوجائيں گی۔ بجلی کے بحران پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے، کل سے لوڈشیڈنگ کم کرکے ساڑھے 3 گھنٹے پر لے آئیں گے، 16 جون سے لوڈ شیڈنگ 3 گھنٹے سے بھی کم ہوجائے گی، 30 جون سے لوڈ شیڈنگ 2 گھنٹے سے بھی کم ہوجائے گی اور جولائی میں لوڈشیڈنگ کو مزید کم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ سے بڑھ چکی ہے، ملک میں موجود ذرائع سے 18 ہزار میگاواٹ بجلی بن سکتی ہےجس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ ہمیں جو کچھ ملا ہے اسے چیلنج سمجھ کر قبول کرتے ہیں، ہم نے بہانے نہيں کرنے،مشکلات کامقابلہ کرنا ہے۔