مہنگائی کی شرح 14 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

Published On 01 August,2022 05:25 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) جولائی میں مہنگائی کی شرح 14 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ایک ماہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2022 میں مہنگائی کی شرح 14 سال کی بلند ترین سطح 24 اعشاریہ 9 فیصد رہی جبکہ جولائی 2021 میں مہنگائی کی شرح 8 اعشاریہ 4 فیصد تھی۔

ایک ماہ میں سبزیوں کی قیمت میں 25 فیصد اضافہ ہوا، آلو 11 فیصد مہنگے اور پیاز کی قیمت میں 14 فیصد اضافہ ہوا، جولائی میں دالوں کی قیمتیں 14 فیصد تک بڑھ گئیں، ماش اور مسور کی دال 10 فیصد جبکہ موم کی دال 3 فیصد مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق کھانے کے تیل کی قیمت میں 8 فیصد اور چائے کی پتی کی قیمت میں 9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس عرصے میں انڈے 8 فِصد، آٹا 6 فیصد اور دودھ 4 فیصد مہنگا ہوا۔

ایک ماہ میں بجلی 39 فیصد، تعمیراتی خام مال کی قیمت میں 3 فیصد، برقی آلات کی قیمت میں ڈیڑھ فیصد جبکہ پلاسٹک مصںوعات بھی ڈیڑھ فیصد تک مہنگی ہوئی۔
 

Advertisement