لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم صارفین کے ساتھ ہاتھ ہوگیا، مفتاح اسماعیل پر اعتراض اٹھانے والے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے سامنے بے بس ہوگئے، پٹرول پر لیوی میں 45 فیصد اضافہ کر دیا گیا، پٹرول پر ڈویلپمنٹ لیوی 47 روپے 26 پیسے فی لٹر کر دی گئی۔
حکومت عوام کو پٹرول کی قیمتوں میں ریلیف دینے میں ناکام، آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل نہ رک سکا، اسحاق ڈار بھی پٹرول پر لیوی بڑھانے پر مجبور ہوگئے اور عوام کو سستے ہوتے پٹرول پر کوئی ریلیف نہ مل سکا۔
اوگرا اعداد و شمار کے مطابق 16 اکتوبرکو پٹرول پر لیوی میں 45 فیصد اضافہ کیا گیا، پٹرول پرڈویلپمنٹ لیوی 47 روپے 26 پیسے فی لٹرکر دی گئی، آئی ایم ایف نے یکم جنوری تک لیوی 50 روپے فی لٹر کرنے کی شرط پرنئی قسط جاری کی تھی۔
16 اکتوبر کو پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 14 روپے 84 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا، لیوی بڑھانے کی وجہ سے پٹرول کی قیمت کم نہ ہو سکی، ڈیزل پر ڈویلپمنٹ لیوی میں 5 روپے 44 پیسے کمی کی گئی۔
ڈیزل پرپی ڈی ایل 12 روپے 58 پیسے سے کم کر کے 7 روپے 14 پیسے فی لٹرکردی گئی جس سے ڈیزل صارفین کے لئے نرخ نہیں بڑھے تاہم پٹرول صارفین کو کوئی ریلیف نہ ملا۔