اسحاق ڈار امریکا پہنچ گئے، آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرینگے

Published On 13 October,2022 09:51 am

واشنگٹن:(دنیا نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے، آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیر خزانہ عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) اور ورلڈ بینک حکام سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقات میں آئی ایم ایف حکام سے قرض پروگرام کے تحت شرائط میں نرمی پر گفتگو بھی متوقع ہے۔

آئی ایم ایف حکام سے ملاقات میں معاشی صورتحال اور قرض پروگرام پر بات چیت ہوگی، گورنر سٹیٹ بینک اور سیکرٹری خزانہ بھی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

اس موقع پر اسحاق ڈار عالمی مالیاتی اداروں کو سیلاب نقصانات سے آگاہ کریں گے جبکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے درکار مالی ضروریات پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی دورہ امریکا کے دوران عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے حکام سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

 

Advertisement