اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اسحاق ڈار نے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ملک میں چینی کے سٹرٹیجک ذخائر اور قیمتوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، ۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم غنی عثمان کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود، وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، چیئرمین ایف بی آر، وائس چیئرمین ایسوسی ایشن سکندر ایم خان، وائس چیئرمین احمد ابراہیم ہاشم اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے وزیر خزانہ کو ملکی مجموعی اقتصادی ترقی میں چینی کی صنعت کے کردار اور خدمات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے چینی کی صنعت کو جی ایس ٹی، چینی کے سٹاک اور برآمد سے متعلق مسائل کے بارے میں بھی بتایا۔
وزیر خزانہ نے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ملک میں چینی کے سٹرٹیجک ذخائر اور قیمتوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ حکومت شوگر ملز اور گنے کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ موجودہ حکومت ملک میں کاروبار میں آسانیوں اور بزنس کمیونٹی کو سہولیات دینے میں پرعزم ہے تاکہ ملک کی معیشت کو پائیدار نمو کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں گے۔