حکومت نے کراچی کی بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز کے تمام چارجز معاف کر دیئے

Published On 23 January,2023 02:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے میری ٹائم سینیٹر فیصل سبز واری نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر پھنسے ہزاروں کنٹینرز کا جرمانہ معاف کر دیا ہے۔

کراچی میں تاجر برادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ شپنگ لائنز کے ہزاروں کنٹینرز پورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں، ہم معاملے پر کئی دن سے اسٹیک ہورلڈز سے مشاورت کر رہے تھے اور فیصلہ کیا ہے کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر پھنسے کنٹینرز سے کسی قسم کا جرمانہ وصول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شپنگ لائنز نے کنٹینرز پر ڈیمرج کے چارجز میں معقول رعایت دینے کی حامی بھری ہے، پورٹس پر پھنسے کنٹینرز سے ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا جائے گا۔

فیصل سبزواری کا مزید کہنا تھا آف ڈاک ٹرمینلز پر کنٹینرز منتقل ہوں گے، پاکستان میں کوئی شپنگ لائن بند کرنے نہیں جا رہے، شپنگ لائنز کا کاروبار جاری رہے گا، ہم نے بزنس کمیونٹی کو آگاہ کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تاجر برادری ہمارے ساتھ بیٹھی ہے، ان کے علم میں بھی ہے کہ حکومت مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، مشکل وقت ہے مگر مل کر اس کا مقابلہ کریں گے، حکومت چلانے کیلئے جو پیسے درکار ہیں وہ کاروباری سرگرمیوں سے آئیں گے، کاروباری طبقہ اگر مدد نہیں کرے گا تو کوئی حکومت بھی نہیں چل سکتی۔







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے