اسلام آباد : (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کے وفد نے وزارت خزانہ حکام سے پٹرولیم لیوی مزید بڑھانے کا مطالبہ کردیا ۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ حکام کی پٹرولیم لیوی کی مد میں ہدف نہ بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے ، وفد کی جانب سے پٹرولیم لیوی بڑھا کر مزید سو ارب روپے اکٹھے کرنے کی تجویز دی گئی ، لیوی کا ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے پہلے سے طے شدہ 50 روپے فی لٹر سے بڑھانے پر بھی زور دیا گیا ہے ۔
پٹرولیم لیوی کو 50 روپے فی لٹر سے بڑھانے پر قانون سازی کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، آئی ایم ایف وفد کی جانب سے نجکاری پروگرام میں سست روی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ، نان ٹیکس آمدن بڑھا کر خسارہ کنٹرول کرنے کا پلان بھی پیش کیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف وفد کے ساتھ پالیسی سطح کے مذاکرات کا آغاز آج بھی ہو گا ، وفد کے ساتھ پالیسی سطح کے مذاکرات میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار شامل ہوں گے، آئی ایم ایف کی جانب سے تمام شرائط پالیسی سطح کے مذاکرات میں مانی جائیں گی۔